افواہوں کی وجہ سے جموں وکشمیر میں سنگباری

وادی کشمیر کے عوام میں گمراہ کن اطلاعات : سربراہ فوج جنرل راوت

نئی دہلی ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سنگباری کے واقعات وادی کشمیر میں کثیر تعداد میں ’’گمراہ کن اطلاعات‘‘ کے نتیجہ میں پیش آرہے ہیں کیونکہ شورش زدہ علاقہ میں عوام کو خاص طور پر نوجوانوں کو گمراہ کرنے کیلئے سماجی ذرائع ابلاغ پر ایک ’’تشہیری نظام‘‘ کارفرما ہے۔ سربراہ فوج جنرل بپن راوت نے ایک سوال کے جواب میں جو چھتیس گڑھ کے ایک اسکولی طالب علم نے تبادلہ خیال کے اجلاس کے دوران جو ساوتھ بلاک میں منعقد کیا گیا تھا یہ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ گمراہ کن اطلاعات بدقسمتی سے وادی کشمیر کے عوام میں پھیلائی جارہی ہیں خاص طور پر نوجوانوں کو گمراہ کیا جارہا ہے حالانکہ کشمیر کی قوم انتہائی آزاد خیال قوم ہے۔ انہیں یہ ذہن نشین کروایا جارہا ہیکہ ہندوستان ایک مسلم دشمن ملک ہے۔ اسی کے نتیجہ میں ایسے واقعات وادی کشمیر میں پیش آرہے ہیں۔ سربراہ فوج نے کہا کہ پوری وادی کشمیر میں آزادی کے بارے میں افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔