افغان گارڈ کی فائرنگ سے تین امریکی ڈاکٹر ہلاک

کابل ، 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) افغان دارالحکومت کابل کے ایک اسپتال میں ایک افغان سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ کے نتیجے میں تین امریکی ڈاکٹر ہلاک ہو گئے ہیں۔ ضلعی پولیس افسر حافظ خان کے مطابق ’کیور انٹرنیشنل ہاسپٹل‘ میں ایک سکیورٹی گارڈ نے صبح کے وقت اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کابل میں قائم امریکی سفارت خانے نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ تینوں مہلوک ڈاکٹر امریکی شہری تھے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ اسپتال ایک امریکی امدادی تنظیم کے تحت کام کر رہا ہے۔

اس واقعہ میں بندوق بردار زخمی ہوااور اُسے پولیس نے حراست میں لے لیا ہے ۔ تاہم اس کی فائرنگ کے پس پردہ مقصد کا فوری طورپر علم نہ ہوسکا۔ بندوق بردار نے بیرونی شہریوں پر فائرنگ اُس وقت کی جب وہ دواخانہ میں داخل ہورہے تھے ۔ تینوں امریکی ڈاکٹر برسرموقع ہلاک ہوگئے جبکہ ایک دیگر کو زخم آئے ۔ اُس وقت وہاں موجود ایک دیگر پولیس مین نے حملہ آور کو گولی ماری جس سے وہ زخمی ہوا اور اُسے پکڑ لیا گیا۔ طالبان ترجمان کی طرف سے اس واقعہ کے بعد فوری کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔