افغان کانفرنس کیلئے نواز شریف برطانیہ روانہ

لندن ۔ 2 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نواز شریف افغانستان پر کانفرنس میں شرکت کیلئے برطانیہ روانہ ہو گئے۔ افغانستان اور برطانیہ مشترکہ طور پر 3 ، 4 ڈسمبر کو شیڈول اس کانفرنس کی میزبانی کریں گے۔ دفتر خارجہ نے منگل کو ایک بیان میں بتایا کہ افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیوٹگ عبداللہ عبداللہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق، کانفرنس کے موقع پر وزیر اعظم نواز شریف برطانوی قیادت اور عالمی بینک کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔بیان میں بتایا گیا کہ لندن میں وزیر اعظم کی امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے بھی ایک ملاقات طے ہے۔دفتر خارجہ نے بتایا کہ لندن کانفرنس میں وزیر اعظم کی شرکت سے معلوم ہوتا ہے کہ افغانستان کے استحکام، امن اور معاشی ترقی کیلئے عالمی کوششوں کو پاکستان کتنی اہمیت دیتا ہے۔ڈان نیوز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈیڑھ سال پہلے حکومت میں آنے کے بعد یہ وزیراعظم کا انیسواں غیرملکی دورہ ہے۔یوسف رضا گیلانی نے 4 سال 3 ماہ پر محیط وزارت عظمٰی کے دور میں 18 جبکہ سابق وزیراعظم پرویز اشرف نے 9 ماہ کے دوران 6 غیر ملکی دورے کئے تھے۔