سعید نوری منشیات کا عادی اور نفسیاتی مریض ۔ ملبورن پولیس کا دعویٰ
ملبورن ۔ 23 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : آسٹریلیا کے شہر ملبورن میں پیدل راہروں کی گذر گاہ پر اندھا دھند موٹر کار گھسادینے کے ملزم ایک افغانی پناہ گزین کے خلاف پولیس نے اقدام قتل کے 18 الزامات درج کئے ہیں ۔ سٹی پولیس نے اس عہد کا اظہار کیا کہ کرسمس تہوار کے دوران اہم مقامات پر اپنی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ پولیس نے کہا کہ سعید نوری منشیات کا عادی اور نفسیاتی امراض و مسائل کا شکار ہے ۔ اس نے جمعرات کو اپنی کار کو پیدل راہروہوں کی آمد و رفت کے مقام پر گھسا دیا تھا ۔ اس حرکت کے پس پردہ اس کے متعدد محرکات واضح نہیں ہوسکے ہیں گو کہ پولیس نے الزام عائد کیا ہے کہ اس نے اپنی گرفتاری کے بعد پولیس پوچھ گچھ کے دوران بعض پر اسرار آوازوں ، خوابوں اور مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک کے بارے میں کچھ کہا تھا ۔ اس کا کسی بھی دہشت گرد گروپ سے کسی ربط نہیں پایا گیا ۔ وکٹوریہ اسٹیٹ پولیس نے جمعرات کے واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ ایک 32 سالہ شخص پر اقدام قتل کے 18 الزامات عائد کئے گئے ہیں ۔ ایک الزام انسانی زندگی کو خطرہ میں ڈالنے سے متعلق ہے ۔ نشریاتی ادارہ اے بی سی نے کہا کہ نوری نے ہفتہ کو عدالت میں حاضری کے موقع پر ضمانت کی درخواست نہیں کی تھی وہ دونوں ہاتھوں سے اپنا سر پکڑا ہوا تھا اور مختصر سماعت کے دوران اپنی روتی ہوئی ماں کو دیکھ کر جذباتی ہوگیا تھا ۔ مجسٹریٹ نے اس کا نفسیاتی معائنہ کروانے کا حکم دیا تھا ۔ آئندہ چہارشنبہ کو اس کی دوبارہ حاضری متوقع ہے ۔ اس کے حملہ میں 19 افراد زخمی ہوئے تھے جن میں تین کی حالت تشویشناک ہے ۔۔