افغان مصالحتی عمل کیلئے ہند ۔ پاک کوششیں قابل تعریف

واشنگٹن ، 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان افغانستان میں امن اوراستحکام کی کوشش میں امریکہ کے اہم اتحادی ہیں۔ واشنگٹن کے بیان میں محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان میری ہارف نے کہا کہ افغان مصالحتی عمل کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں، پاکستان یقینا افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے اہم اتحادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان بھی افغانستان کو مستحکم اور محفوظ علاقہ بنانے کیلئے اہم رکن کی حیثیت رکھتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں سیکوریٹی معاملات پر دونوں ممالک کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔

ڈیوڈ کیمرون کی رہائش گاہ پر سکھ کمیونٹی کا مظاہرہ
لندن، 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ میں سکھ کمیونٹی کے افراد نے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی قیامگاہ 10، ڈاؤننگ اسٹریٹ پر مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ 1984 ء میں سکھوں کے قتل عام میں برطانوی حکومت کے ملوث ہونے کی شفاف انکوائری کرائی جائے۔ لندن میں برطانوی وزیراعظم کی قیامگاہ کے سامنے اس مظاہرے میں شریک افراد بیانرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر ہندوستانی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ برطانیہ اور امریکہ ہندوستان پر دباؤ ڈالیں کہ وہ 1984ء کے قتل عام کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹھہرے میں لائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان واقعات میں برطانیہ کا بھی کردار رہا ہے۔