کابل ۔ 8 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مشرقی افغانستان کے شہر جلال آباد میں ایک افغان سپاہی نے امریکی سپاہیوں کے گروپ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں ایک امریکی سپاہی ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے۔ امریکیوں کی جوابی فائرنگ میں افغان سپاہی بھی مارا گیا۔ جلال آباد میں صوبائی گورنر کے دفتر کے احاطہ میں امریکی سفارتخانہ کے عہدیداروں اور افغان صوبائی قائدین کے اجلاس کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔ تاہم امریکی سفارتی عملہ بحفاظت سفارتخانہ واپس پہونچ گیا ۔ ناٹو نے اپنے ایک سپاہی کی ہلاکت کی توثیق کی ہے ۔