ماسکو ،28اگست (سیاست ڈاٹ کام) روس نے کابل کی در خواست پر طالبان کے ساتھ مذاکرات ملتوی کر دیئے ہیں ،مذاکرات میں افغان طالبان نے شرکت کی یقین دہانی کرائی تھی جبکہ امریکہ اور افغان حکومت نے ان مذاکرات کو مسترد کر دیا تھا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان صدر کے پریس آفس کی جانب سے جا ری ای میل اور روس کی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق مذاکرات کا التوا کابل کی در خواست پرکیا گیااور دونوں جانب سے اتفاق کیا گیا کہ 4 ستمبر کو ہونے والے طالبان کے ساتھ کثیر الملکی امن مذاکرات کو فی الحال ملتوی کر دیا جائے ، امن مذاکرات کیلئے مشترکہ طور پر اقدامات کئے جائیں گے ۔روسی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق مذاکرات کا التوا افغان صدر اشرف غنی کی درخواست پر کیا گیا ، ان مذاکرات کے لیے بارہ ممالک کو مدعو کیا گیا تھا،جس میں افغان طالبان نے چار ستمبر کو ہونے والے ان مذاکرات میں شرکت کی حامی بھرلی تھی۔