انقرہ ۔ 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی امن ایلچی برائے افغانستان نے ترکی کے دارالحکومت میں آج اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات کے دوران افغانستان میں 17 سال سے جاری جنگ کے خاتمہ کی کوششوں پر بات چیت کی۔ انقرہ میں روسی سفارتخانہ نے جمعہ کو ٹوئیٹر پر اعلان کیا کہ وہ امریکی امن ایلچی زلمے خلیل زاد اور ان کے روسی ہم منصب ضمیر کالوف کے مابین مذاکرات کی میزبانی کررہا ہے۔ خلیل زاد نے افغانستان میں امن سمجھوتہ کیلئے جاری کوشش میں شدت پیدا کردی ہے اور طالبان کے ساتھ کئی مرحلوں میں بات چیت کی گئی ہے۔ وہ پیر کو آئندہ مرحلہ کی بات چیت کریں گے۔ افغان مذاکرات کی میزبانی کے ساتھ ہی روس بھی اب ان کوششوں میں ایک بااثر اور کلیدی کردار کی حیثیت سے ابھرا ہے۔