افغان الیکشن کمیشن کی عمارت میں پانچ حملہ آور ہلاک

کابل ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : افغان پولیس نے کابل میں الیکشن کمیشن پر راکٹوں سے داغے جانے والے دستی بموں اور مشین گنوں سے حملہ کرنے والے تمام پانچ عسکریت پسندوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا ۔ جس کے ساتھ ہی چار گھنٹوں سے جاری تعطل و تصادم ختم ہوگیا ۔ طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ عسکریت پسند تحریک کی طرف سے کئے جانے والے سلسلہ وار خطرناک حملوں میں یہ تازہ ترین حملہ تھا ۔ طالبان نے اس ہفتہ میں منعقد شدنی صدارتی انتخابات میں رخنہ اندازی کے لیے حملوں میں شدت پیدا کردیا ہے ۔

نائب وزیر داخلہ محمد ایوب سولانگی نے کہا کہ تمام حملہ آور برقعہ پہن کر عمارت میں داخل ہوئے اور خواتین سمجھ کر کسی نے بھی ان پر توجہ نہیں دی اور نہ ہی روکنے کی کوشش کی گئی ۔ اگرچہ دارالحکومت میں واقعہ الیکشن کمیشن کی عمارت پر ہمہ وقت سخت ترین پہرہ رہتا ہے ۔ جس کے نتیجہ میں حملہ آور بھی تازہ ترین حملہ کے دوران عمارت میں داخل نہیں ہوسکے ۔ تاہم قریب موجود دو گوداموں میں آگ لگ گئی اور دو ملازمین پولیس زخمی ہوگئے ۔ الیکشن کمیشن کے درجنوں ملازمین حملے کے دوران عمارت کے اندرونی حصوں میں روپوش ہوگئے تھے ۔ ان میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان نور محمد نور نے کہا کہ حملوں کے اندیشوں کے تحت سخت ترین سیکوریٹی انتظامات کئے گئے تھے ۔۔