افغانستان کے سفیر کا استعفیٰ

نئی دہلی 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ ہند رامناتھ کووند کو آج 5 ممالک کے سفیروں بشمول نیدرلینڈ اور لتھوانیا نے اپنے کاغذات پیش کئے۔ دیگر سفیروں میں آئس لینڈ، بیرو اور گنی کے سفیر شامل تھے۔ دریں اثناء افغانستان کے سفیر برائے ہند شیدا ابدالی نے اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے جس پر دستخط ماضی کی کسی تاریخ میں کئے گئے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ اپنے ملک کے عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں جنھیں چیالنج سے بھرپور صورتحال درپیش ہے۔
اُنھوں نے چہارشنبہ کے دن صدر افغانستان اشرف غنی کو اپنا استعفیٰ پیش کیا جو ایک دن کے دورے پر ہندوستان آئے ہوئے تھے۔ ابدالی نے کہاکہ وہ گزشتہ 6 سال سے دہلی میں اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں اور افغانستان کے عوام کو اُن کی خدمات کی ضرورت ہے۔ اُنھوں نے ہندوستانی عوام کا اُن کی غیرمعمولی گرمجوشی، میزبانی اور دوستی کے لئے اظہار تشکر کیا۔