قندھار ( خصوصی طیارہ سے ) ۔ 15 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ہندوستان جنگ سے متاثرہ افغانستان کو بہت جلد ہیلی کاپٹرس فراہم کرے گا حالانکہ صدر حامد کرزئی نے مہلک ہتھیاروں کی خواہش کی تھی ۔ سلمان خورشید نے قندھار میں ہندوستانی امداد سے تعمیر کردہ زرعی یونیورسٹی کے افتتاح کے بعد طیارہ میں رپورٹرس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہت جلد ہیلی کاپٹرس سربراہ کریں گے ۔ انہوں نے ہیلی کاپٹرس کی تعداد نہیں بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی ہمارے لیے اہمیت ہے اور یہاں جو بھی ضرورت ہوگی ہم فراہم کریں گے ۔ قبل ازیں قندھار میں حامد کرزئی نے ہندوستانی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ افغان سیکوریٹی فورسیس کو مستحکم بنانے فوجی آلات سربراہ کرنے ان کی درخواست پر ہندوستان کے جواب سے وہ غیر مطمئن نہیں ہیں ۔ قبل ازیں حامد کرزئی اور سلمان خورشید نے مشترکہ طور پر زرعی یونیورسٹی کا افتتاح کیا ۔۔