کابل ۔ 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیرامور خارجہ سشماسوراج نے افغانستان کو یہ پیام دیا ہیکہ ہندوستان ہمیشہ اس کے ساتھ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ سے متاثرہ اس ملک کو تمام شعبوں بشمول دفاع اور سیکوریٹی میں نئی حکومت کے ساتھ ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ سشماسوراج نے آج صدر افغانستان حامد کرزئی سے ملاقات کی اور ہندوستان کا یہ پیام دیا کہ افغانستان پہلا اہم ترین پارٹنر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے استحکام اور سیکوریٹی کے چیلنجس سے نمٹنے میں ہندوستان ممکنہ مدد کرے گا جبکہ نیٹو فوج کی دستبرداری کیلئے الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی تعمیر کا یہ اہم ترین دہا تھا اور ہندوستان اس کی ہر شعبہ میں مدد کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانی عوام نے جو طاقتور، آزاد ، متحدہ اور خوشحال ملک کا نظریہ قائم کیا ہے اسے پورا کرنے میں ہم بھرپور تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظریہ کیلئے کئی افغانیوں نے اپنی قربانیاں دی ہیں۔ کابل میں 40 ملین ڈالر سے تعمیر کردہ نئی ہندوستانی سفارتخانہ کی عمارت کا سشماسوراج نے افتتاح کیا اور کہا کہ ہندوستان یہاں موجود رہے گا۔ افغان عہدیداروں نے بتایا کہ دونوں ممالک نے سیکوریٹی تعاون میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ سشماسوراج نے نیشنل فلیگ یادگار مقام کو ایک عوامی مقام میں تبدیل کرنے کیلئے افغانستان کو ایک ملین ڈالر کی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ہندوستانی عوام اور حکومت کی جانب سے نیشنل فلیگ یادگار کے افتتاح کے بعدیہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس مقام کو ایک عوامی مقام میں تبدیل کیا جائے جہاں سارے ملک سے عوام یہاں کا مشاہدہ کرسکیں۔