افغانستان میں ہند ۔ چین مشترکہ معاشی پراجیکٹ

وزیراعظم مودی اور چینی صدر ژی کا اتفاق، پاکستان کو دھکہ
ووہان۔ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اور چین کے صدر ژی جن پنگ نے ایک ایسا اہم قدم اٹھاتے ہوئے جو پاکستان کو پریشان اور مایوس کرسکتا ہے، یہاں اپنی پہلی غیررسمی چوٹی کانفرنس کے دوران جنگ زدہ افغانستان میں مشترکہ ہند۔ چین معاشی پراجیکٹ شروع کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ دونوں قائدین نے آج یہاں مختتم اپنی دو روزہ چوٹی کانفرنس کے دوران اس پراجیکٹ سے اتفاق کیا ہے جس کے مطابق دونوں ممالک کے عہدیدار مابعد مذاکرات میں پراجیکٹ کی نشاندہی کریں گے اور اس کے ضابطوں کی تدوین کی جائے گی۔ افغانستان میں ہندوستان اور چین کا یہ پہلا مشترکہ پراجیکٹ ہوگا۔ اس جنگ زدہ ملک میں ہندوستان کے ساتھ کام کرنے چین کا فیصلہ، پاکستان کو مایوس کرسکتا ہے کیونکہ بیجنگ کو اسلام آباد ، اپنا ہر وقت ساتھ دینے والا دیرینہ دوست تصور کرتا ہے۔ چین اگرچہ افغانستان میں اپنا اثرورسوخ بڑھانے کی کوشش کررہا ہے لیکن پاکستان کی حکمت عملی کی تائید کررہا ہے ۔