افغانستان میں ہجوم کے زدوکوب سے ہلاک خاتون کی تدفین

کابل۔22مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک افغان خاتون جسے ایک ہجوم نے زدوکوب کرتے ہوئے ہلاک کردیا تھا ‘ آج کابل میں اس کی تدفین عمل میں آئی ۔ خواتین کے حقوق کے کارکنوں نے اُس کا جنازہ اٹھایا ۔ شمالی کابل میں 27سالہ فرخندہ کی تدفین میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی ‘ جو چاہتے ہیں کہ افغان شہری صرف ایک نام سے شناخت کئے جائیں ۔ اس خاتون کو چہارشنبہ کی رات دیر گئے ایک ہجوم نے جس میں بیشتر مرد تھے زدوکوب کرتے ہوئے اس خاتون کو ہلاک کردیا تھا اور اس کی نعش نذرآتش کرنے کے بعد جھلسی ہوئی نعش کو دریائے کابل میں پھینک دیاتھا ۔ پولیس اب بھی تحقیقات کررہی ہے کہ ہجوم کے زدوکوب کرنے کی کیا وجہ تھی ۔ صدرافغانستان اشرف غنی نے فرخندہ کے قتل کو ایک گھناؤنا حملہ قرار دیتے ہوئے اس کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔