قندھار۔26اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک افغان عہدیدار نے کہا کہ ایک بندوق بردار نے کارگذار پولیس سربراہ اور ایک شہری کو جنوبی صوبہ اروسگان میںگولی مار کر ہلاک کردیا ۔ صوبائی گورنر کے ترجمان دوست محمد نایاب نے آج کہا کہ جنرل گلاب خان کل رات دیر گئے پولیس ہیڈکوارٹرس کے روبرو تران پورٹ کے علاقہ میں ہلاک کردیئے گئے ۔ حملہ سے ایک شہری بھی ہلاک ہوا ‘ جو سربراہ پولیس کا مہمان تھا ۔ اُن پر فائرنگ کرنے کے شبہ میں ایک اور پولیس عہدیدار کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ نایاب خان ماضی میں ایک سرکاری محکمہ تحقیقات میں ملازم تھے اور حال ہی میں انہیں کارگذار پولیس سربراہ مقرر کیا گیا تھا جب کہ سابق پولیس سربراہ گذشتہ ماہ کابل میں ایک خودکش بم حملہ میں ہلاک کئے گئے تھے ۔