کابل ۔ 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) دو انسانی کھوپڑیاں افغانستان سے قصرصدارت کے قریب دستیاب ہوئی ہیں، جن کی وجہ سے جنگ زدہ ملک میں قائدین اور ان کے ارکان خاندان کے مستقبل کے بارے میں اندیشے پیدا ہوگئے ہیں۔ دو کھوپڑیاں اور دیگر ہڈیاں تعمیراتی کام کے دوران قصرصدارت کے باورچی خانہ کے فرش کے نیچے سے برآمد ہوئیں۔ ان کی شناخت اور صنف کا ہنوز پتہ نہیں چل سکا ہے۔ فوری طور پر ان کے قتل کی وجہ بھی نہیں معلوم ہوئی۔ صدر اشرف غنی نے ایک تحقیقاتی کمیشن قائم کردیا ہے۔ صدر نے فارنسک ماہرین اور انسانی حقوق کے آزاد کمیشن کے ارکان کو تحقیقاتی کمیشن میں شامل کیا ہے تاکہ وہ انسانی باقیات کا معائنہ کریں اور ان کی اسلامی رسوم و رواج کے مطابق تدفین کا اہتمام کریں۔ امکان ہیکہ یہ کام مشکل ثابت ہوگا کیونکہ گذشتہ 35 سال سے افغانستان میں جنگ جاری ہے۔
نیپال کے قائد پرچنڈا کا دورہ چین
کٹھمنڈو ۔ 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ماوسٹوں کے صدر پرچنڈا آئندہ ہفتہ چین کا دورہ کریں گے۔ وہ چینی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ نیپال میں ان مخالف جذبات ابھر رہے ہیں۔ چین نے ماوسٹ پارٹی کے صدر کو مدعو کیا ہے تاکہ شاہراہ ریشم کی ازسرنو تعمیر کے موضوع پر مجوزہ چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں۔ پرچنڈا 15 اکٹوبر سے 4 روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔