مختلف شعبہ حیات میں مواقع فراہم کرنے افغان ویمنس چیمبرس کا اہم رول ‘ جی ای ایس میں شریک افغان خواتین کے تاثرات
ایس ایم بلال
حیدرآباد ۔ /28 نومبر ۔ افغانستان میں عام حالات ہنوز سازگار نہیں ہوپائے ہیں اور ہر وقت دہشت گردی کے خطرات لاحق رہتے ہیں ۔ اس کے علاوہ ملک میں دیگر کئی مسائل بھی درپیش ہیں لیکن ان تمام رکاوٹوں کے باوجود خواتین اپنی بھرپور جستجو اور محنت کے ذریعہ نمایاں مقام حاصل کررہے ہیں ۔گلوبل انٹرپرینرشپ چوٹی کانفرنس میں افغانستان کی خاتون صنعتکاروں کے ایک وفد نے بھی شرکت کی جن میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا ۔ خواتین کو مختلف شعبہ حیات میں مواقع فراہم کرنے میں افغان ویمنس چیمبرس کا اہم رول ہے ۔ اس ادارے سے وابستہ ایک اہم شخصیت پرورش اوریاخیل جو افغانستان میں اگریچرل کمپنی چلاتی ہے سے نمائندہ سیاست نے ملاقات کی اور ملک کے حالات کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ پرورش اوریاخیل نے بتایا کہ افغانستان ایک اسلامی ملک ہے اس کے باوجود یہاں اسلامک بینکنگ نظام نہیں پایا جاتا ۔ اس کی وجہ سے عام لوگ سودی معیشت میں جکڑے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے مختلف صوبوں میں عام حالات بہتر نہیں ہیں اور ہمیشہ کسی نہ کسی دہشت گرد حملے کا خطرہ لاحق رہتا ہے ۔ اس کے علاوہ یہاں تعلیمی اداروں کی بھی کمی ہے ۔ ان تمام مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود افغان ویمنس چیمبرس سے وابستہ خواتین نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس ادارے تقریباً 850 خاتون صنعتکار وابستہ ہیں اور نئی نسل نے پیش رفت کرتے ہوئے اس ادارے کی بنیاد ڈالی ۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی اداروں کی کمی کے سبب بالخصوص خواتین تک تعلیمی مواقع نہیں پائے جاتے ۔ عام طور پر یہاں گریجویشن سطح تک تعلیم کا حصول آسان ہوتا ہے لیکن اعلیٰ تعلیمی مواقع بالکل نہیں ہے ۔ حالانکہ خواتین میں کافی تعلیمی ذوق و شوق پایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ہر صوبہ میں ایک یونیورسٹی موجود ہے اور اس کے تحت خواتین کو محدود تعلیم حاصل کرنی پڑتی ہے ۔ لیکن جرمنی ، فرانس اور دیگر ممالک کی جانب سے فراہم کردہ اسکالر شپس کے ذریعہ افغانستان کی خواتین بین ممالک میں تعلیم حاصل کرنے میں کامیاب ہورہی ہیں ۔ اس وفد میں شامل ایک اور خاتون صنعت کار و رومی ٹریڈنگ کمپنی افغانستان کی صدر سونامحمودی نے بتایا کہ افغانستان میں موجودہ حالات میں سینکڑوں خواتین تجارتی اور صنعتی شعبوں میں آگے بڑھ رہی ہیں ۔ اس موقع پر شعار کمپنی کابل کی ایکزیکٹیو ڈائرکٹر افسانہ رحیمی نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اس قسم کی چوٹی کانفرنس کے ذریعہ دنیا بھر کے ہی نہیں بلکہ افغانستان کی خواتین کو بھی معاشی طور پر مستحکم ہونے کا ایک بہترین موقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامک ممالک ہونے کے باوجود بھی افغانستان میں خواتین اب مختلف صنعتوں کا حصہ بننے کیلئے سنجیدہ ہے ۔