کابل ۔ 12 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) افغان عہدیداروں کے مطابق جنوبی علاقوں میں خوبصورت مناظر والی وادی میں واقع ایک مخدوش ڈیم شدید بارش کی وجہ سے منہدم ہوگیا جس میں 10 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ دریں اثناء وزارت انسانی امداد کے ترجمان عمرمحمدی نے بتایا کہ دس ہلاکتوں کے علاوہ 300 مکانات بھی تباہ ہوگئے۔ یہ واقعہ وادی پنی شیر میں رونما ہوا جہاں کے خوبصورت مناظر سیاحوں کو یہاں کھینچ لاتے ہیں جو کابل سے 140 کیلو میٹر شمال میں واقع ہے۔ ڈیم کے منہدم ہوتے ہی پانی انتہائی تیزی کے ساتھ مواضعات میں داخل ہوگیا اور ہزاروں لوگوں کے مکانات میں گھس گیا جس سے دہشت زدہ مکینوں نے اپنے مکانات خالی کردیئے۔ دوسری طرف ڈپٹی پولیس چیف ناظم خان نے بتایا کہ اب بھی 13 افراد لاپتہ ہیں جن کے بارے میں یہ اندیشے لگائے جارہے ہیں کہ وہ ڈیم کے تیز رفتار پانی میں بہہ گئے ہوں گے۔ شدید بارش کی وجہ سے 100 ہیکٹرس پر محیط زرعی اراضی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔