صوبہ فرہ کے فوجی اڈہ پر طالبان کا حملہ ۔ مہلوکین میں 18 سپاہی شامل
کابل ۔ 24 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : افغانستان میں متعدد حود کش بمبار دھماکوں میں کم سے کم 25 افراد ہلاک اور دیگر کئی افراد زخمی ہوگئے ۔ طالبان نے ایک بڑے حملے میں مغربی صوبہ فرہ میں ایک فوجی اڈہ کو نشانہ بنایا جس میں کم سے کم 18 سپاہی ہلاک ہوگئے ۔ وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیر نے کہا کہ ’ فرہ کے ضلع بالا بلوک میں عسکریت پسندوں کے ایک بِڑے گروپ نے کل رات ایک فوجی اڈہ پر حملہ کردیا ۔ بدقسمتی سے ہم اپنے 18 سپاہیوں سے محروم ہوگئے ۔ دیگر دو سپاہی زخمی ہوئے ہیں ۔ ہم اس علاقہ کو مزید کمک روانہ کیے ہیں ‘ ۔ اس صوبہ کے نائب گورنر یونس رسولی نے کہا کہ طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ نائب گورنر نے مزید کہا کہ حملے کی تحقیقات کے لیے حکام نے حقائق کا پتہ چلانے والے ایک وفد کو بالا بلوک روانہ کیا ہے ۔ ایک دوسرے حملے میں کابل کے سفارتی علاقہ میں آج صبح کے مصروف اوقات کے دوران ایک بمبار نے خود کو دھماکہ سے اڑا لیا جس کے نتیجہ میں کم سے کم تین افراد ہلاک اور دیگر پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ وزارت داخلہ کے نائب ترجمان نصرت رحیمی نے اس حملے ، مہلوکین اور زخمیوں کی تعداد کی توثیق کی ہے ۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ امریکی سفارتخانہ اور ناٹو ہیڈکوارٹرز سے متصلہ افغان قومی سلامتی ڈائرکٹوریٹ کے احاطہ میں یہ خود کش بمبار دھماکہ ہوا تھا ۔ پہلے دھماکہ میں حملہ آوروں نے ہموی کار کا استعمال کیا تھا ۔۔