قندھار 29 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) سارے افغانستان میں مختلف مقامات پر لب سڑک ہوئے دھماکوں میں کم از کم چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ناٹو کا ایک سپاہی ہیلی کاپٹر کے حادثہ میں قندھار میں کل ہلاک ہوگیا تھا ۔ یہ حادثہ کل پیش آیا تھا جب ہیلی کاپٹر حادثاتی طور پر ایک مواصلاتی اینٹینا سے ٹکرا گیا تھا ۔ اس میں کم از کم 15 اتحادی سپاہی زخمی ہوئے تھے ۔ افغانستان کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ شمالی صوبہ جوزجان میں ایک لب سڑٖ دھماکہ کی زد میں انٹلی جنس سربراہ کی کار زد میں آگئی ۔ پولیس عہدیدار فقیر محمد جوزجانی نے یہ بات بتائی ۔ دھماکہ کے نتیجہ میں ضلع سربراہ منظور اللہ اور ان کے باڈی گارڈ ہلاک ہوگئے جبکہ تین دوسرے عہدیدار جو ان کے ساتھ سفر کر رہے تھے زخمی ہوگئے ۔
انہوں نے بتایا کہ یہ حملہ طالبان کی کارستانی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حملہ میں جو بم استعمال کیا گیا وہ کافی طاقتور تھا اور اس کے نتیجہ میں منظور اللہ کی کار بری طرح تباہ ہوگئی تھی ۔ ایک اور پولیس عہدیدار شمس اللہ نے بتایا کہ قندھار شہر میں چند منٹوں کے فرق سے لب سڑک دو دھماکے ہوئے جن کے نتیجہ میں ایک افغان پولیس عہدیدار ہلاک اور چار دوسرے زخمی ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے دھماکہ میں پولیس کی ایک کار نشاہ بنی جبکہ وہ ایک گلی سے گذر رہی تھی ۔ اس دھماکہ میں پولیس عہدیدار ہلاک ہوگئے ۔ اس کے بعد ایک پولیس کا عملہ وہاں پہونچا تھا کہ ایک اور بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں دو مزید پولیس عہدیدار زخمی ہوگئے ہیں۔
ان کارروائیوں کی کسی بھی گروپ نے ابھی تک ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ طالبان کی جانب سے اس طرح کے حملوں میں حالیہ وقتوں میں شدت پیدا کردی گئی ہے اور افغان سکیوریٹی فورسیس کو نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ وہاں حکومت کو کمزور کیا جاسکے ۔ افغانستان سے بیرونی لڑاکا افواج جاریہ سال کے ختم تک دستبردار ہونے والی ہیں۔ ناٹو کے بیان میں قندھار صوبہ میں کل ہوئے ہیلی کاپٹر حادثہ کی تفصیل نہیں بتائی گئی ہے اور کہا کہ یہ اتحادی پالیسی ہے کہ فوجی مہلوکین کی شناخت ظاہر نہ کی جائے ۔ تاہم افغانستان کے ایک پولیس عہدیدار عطا محمد نے کہا کہ حادثہ معروف ضلع میں کل نصف شب کے قریب پیش آیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ناٹو سپاہی کی موت کے علاوہ اس حادثہ میں مزید 15 اتحادی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ عطا محمد نے کہا کہ یہ ہیلی کاپٹر حادثاتی طور پر ضلع کے مواصلاتی اینٹینا سے ٹکرا گیا تھا جس کی وجہ ہیلی کاپٹر گر پڑااور ایک سپاہی ہلاک ہوگیا ہے ۔