افغانستان میں قیام امن کیلئے ماسکو میں کانفرنس

ماسکو،25اپریل (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان میں قیام امن کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کے لئے ماسکو میں کانفرنس آج ہوگی، کانفرنس میں روس، چین اورامریکہ کے نمائندے شریک ہوں گے ۔کابل میں روسی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کانفرنس میں امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد شرکت کریں گے ۔بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ سہ فریقی اجلاس افغانستان کے معاملہ پر مذاکرات کاکوئی نیا فورم نہیں بلکہ یہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پہلے سے جاری عالمی طاقتوں کی کوششوں کے فریم ورک کے تحت منعقد کیا جارہاہے ۔

طالبان اور داعش کے درمیان لڑائی ،کئی خاندان بے گھر
کابل،25اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شورش زدہ افغانستان کے مشرقی حصوں میں زمینی قبضہ کیلئے طالبان اور داعش(آئی ایس ) کے حمایت یافتہ جنگجوؤں میں ایک مرتبہ پھر شدید لڑائی کا آغاز ہوگیا ہے ۔غیر ملکی خبر رساں یجنسی رائٹر کی رپورٹ میں افغان حکوم کے حوالہ سے بتایا گیا کہ ملک کے مشرقی صوبے ننگر ہار کے 2 اضلاع میں 2 روز قبل شدید لڑائی کا آغاز اس وقت ہوا جب داعش نے طالبان کے زیر انتظام دیہاتوں پر حملہ کیا۔