افغانستان میں طالبان اور دولت اسلامیہ کے درمیان گھمسان کی لڑائی

کابل ۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک افغانی عہدیدار کے مطابق مشرقی نانگر ہار صوبہ میں طالبان اور دولت اسلامیہ سے ملحقہ شورش پسندوں کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ دریں اثناء صوبائی گورنر کے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی نے منگل کو بتایا کہ خوگیانی اور شیرزاد ڈسٹرکٹس کے متعدد مستقروں سے سینکڑوں خاندانوں نے نقل مکانی کرلی ہے۔ خوگیانی نے مزید بتایا کہ ان علاقوں سے دونوں ہی گروپس کے شورش پسندوں کو نکال باہر کرنے کیلئے فضائی اور بری آپریشن انجام دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھمسان کی لڑائی میں چھ شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جبکہ شورش پسندوں کی صفوں میں بھی کئی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ شیرزاد، خوگیانی اور ہسارک اضلاع جو نانگر ہار میں واقع ہیں، انہیں اسٹریٹیجک کہا جاتا ہے کیونکہ یہ صرف لوگار صوبہ سے بلکہ دارالخلافہ کابل سے بھی مربوط ہے۔ ماہ اپریل میں امریکی افواج نے دولت اسلامیہ گروپ کے سرنگ کامپلکس کو تباہ کرنے ماسیوا آرڈیننس ایربلاسٹ بم (MOAB) کا استعمال کیا تھا جونانگرہار صوبہ کی پہاڑیوں میں بنایا گیا تھا۔