کابل 26 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان میں آئی ایس کے ایک لیڈر کو گذشتہ ہفتے کے اواخر میں 10 دوسرے افراد کے ساتھ ایک فضائی حملے میں ہلاک کردیا گیا ہے ۔ سرکاری عہدیداروں نے آج یہ بات بتائی جبکہ ملک میں تخریب کار گروپس کی جانب سے حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ انٹلی جنس ایجنسی نے کہا کہ اتحادی افواج نے کل رات دیر گئے آئی ایس کے مشرقی طاقتور گڑھ علاقہ ننگر ہار صوبہ میں حملہ کیا جو پاکستان کی سرحد کے قریب واقع ہے ۔ اس حملے میں آئی ایس کے افغانستان لیڈر سعد ارہابی ہلاک ہوگئے ہیں۔ انٹلی جنس ایجنسی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں داعش کے امیر اور 10 دوسرے افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ نیشنل ڈائرکٹوریٹ آف سکیوریٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ سعد ارہابی وہ چوتھے آئی ایس لیڈر ہیں جنہیں افغانستان میں فضائی حملے میں ہلاک کردیا گیا ہے ۔ افغانستان میں داعش نے 2014 سے کام کرنا شروع کیا تھا ۔ ایجنسی نے کہا کہ فضائی حملوںکے نتیجہ میں بھاری مقدار میں اسلحہ ‘ ہتھیاروں اور دھماکو مادوں وغیرہ کو بھی تباہ کردیا گیا ہے ۔ صوبائی گورنر کے ترجمان عطال اللہ کھوگیانی نے آئی ایس لیڈر کی ہلاکت کی توثیق کی ہے اور کہا کہ فضائی حملوں میں اتحادی افواج نے حصہ لیا تھا ۔ افغانستان میں امریکی افواج نے توثیق کی ہے کہ انہوں نے کل رات دیر گئے ایک فضائی کارروائی میں حصہ لیا تھا اور یہاں کسی دہشت گرد تنظیم کے ایک سینئر لیڈر کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ آئی ایس کا افغانستان میں وجود زیادہ طاقتور نہیں ہے لیکن وہ وقفہ وقفہ سے تخریب کار حملے کرتے ہوئے خونریزی میں ملوث ہے اور اپنے وجود کا احساس دلاتا رہتا ہے ۔