افغانستان میں خودکش حملہ ، 13 ہلاک

شمالی وزیرستان میں بھی ریموٹ کنٹرول دھماکہ، کئی اموات
جلال آباد ۔ 27 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے صوبہ کنور میں ایک خودکش بم دھماکہ ہوا جس میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوئے ہیں خودکش بم بردار نے موٹر سیکل پر پہونچکر خود کو دھماکہ سے اُڑالیا ۔ مرنے والے زیادہ افراد عام شہری اور بچے ہیں، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ واقعہ کے فوری بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا اور لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔قبل ازیں افغان سرحد کے ساتھ واقع شمالی وزیرستان میں ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے میں ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق تحصیل دتہ خیل میں سیکیورٹی اہلکار معمول کی گشت پر تھے جب ریمورٹ کنٹرول بم کا دھماکا ہوا۔دھماکے کے نتیجے میں مارے جانے والے سیکیورٹی اہلکار اور ایک شدید زخمی کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔دھماکے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ پاک افغان سرحد پر واقع شمالی وزیرستان، خیبر ایجنسی اور اورکزئی ایجنسی سمیت سات ایجنسیوں کو عسکریت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے۔حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج نے جون 2014 میں شمالی وزیرستان میں آپریشن ’ضربِ عضب‘ کا آغاز کیا۔