کابل ، 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے ایک جنوبی علاقے میں سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے چھ شہری ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہو گئے۔ مقامی حکام کے مطابق صوبہ ہلمند میں اتوار کی شام اس دھماکے میں ہلاک ہونے والے افراد ایک ٹیکسی میں سوار تھے، جو دیسی ساختہ بم کی زد میں آ گئی۔ صوبائی گورنر کے ترجمان کے بقول اس حملے میں 13 افراد زخمی بھی ہوئے۔ ہلمند میں یہ حملہ کابل میں ہونے والے اس بم دھماکے کے محض چند گھنٹے بعد ہوا، جس میں کل اتوار کو افغان فوج کی ایک بس پر ایک خود کش حملے میں چار افراد مارے گئے تھے۔رواں سال امریکی فوج کی واپسی کے منصوبہ سے قبل اس ملک میں عسکریت پسندوں کے تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔