افغانستان میں بم دھماکہ ‘ 6ملازمین پولیس ہلاک

کابل۔19جولائی( سیاست ڈاٹ کام )  ایک لب سڑک بم دھماکہ سے کم از کم 6ملازمین پولیس مغربی افغانستان میں ہلاک ہوگئے ۔ جب کہ وہ عیدالفطر کے دن طلایہ گردی کررہے تھے ۔ بم حملے سے صوبہ ہرات میں پولیس کی گاڑی ٹکڑے ٹکڑے ہوگئی ۔ یہ صوبہ اب تک نسبتاً پُرامن سمجھا جاتا تھا ۔ پولیس سربراہ عبدالرؤف احمدی نے کہا کہ دہشت گردوں نے ایک زمینی سرنگ نصب کی تھی جو پولیس گاڑی سے ضلع گذارا میں کل صبح ٹکرا گئی جس سے چھ ملازمین پولیس ہلاک اور دیگر تین زخمی ہوگئے ۔ صوبہ گورنر کے ترجمان احسان اللہ حیات نے ہلاکتوں کی تعداد کی توثیق کردی ہے ۔ تاحال اس بم دھماکے کی ذمہ داری کسی بھی گروپ نے قبول نہیں کی ہے ۔افغانستان میں اس نوعیت کے دھماکے عام طور پر طالبان ہی کیا کرتے ہیں۔