افغانستان میں برطانوی ہیلی کاپٹر تباہ ، پانچ سپاہی ہلاک

لندن ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : افغانستان میں ایک برطانوی فوجی ہیلی کاپٹر کی تباہی میں پانچ سپاہی ہلاک ہوگئے ۔ برطانوی وزارت دفاع نے لندن میں یہ خبردی اور کہا کہ اس واقعہ کی وجوہات کا پتہ چلانے کے لیے تحقیقات کی جائیں گی ۔ ذرائع نے کہا کہ تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کے مہلوکین کی اگرچہ ہنوز شناخت نہیں کی جاسکی ہے لیکن باور کیا جاتا ہے کہ تمام مہلوکین برطانوی خدمات سے مربوط اہلکار تھے ۔ دسمبر کے دوران طالبان تخریب کاروں کے حملہ میں ایک امریکی ہیلی کاپٹر پر حملہ کے بعد جنوبی افغانستان میں ناٹو کے زیر قیادت فوج کا یہ سب سے بڑا جانی نقصان ہے ۔ اس فوج نے اس صوبہ کا نام نہیں بتایا جہاں برطانوی ہیلی کاپٹر تباہ ہوا ہے ۔لیکن جنوبی افغانستان میں مقامی عہدیداروں نے کہا کہ قندھار میں یہ واقعہ پیش آیا ہے اور عسکریت پسندوں نے اس ہیلی کاپٹر پر حملے نہیں کیا تھا ۔۔