ٹرمپ کی حکمت عملی کے 100 دن میں مثبت پیشرفت : وہائٹ ہاؤز
واشنگٹن ۔ /3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وہائیٹ کے ایک سینئر عہدیدار نے آج کہا کہ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی نئی جنوب ایشیائی حکمت عملی اپنے ابتدائی 100 دن میں پیشرفت کا مظاہرہ کیا ہے ۔ صدر ٹرمپ کی اس نئی پالیسی میں پہلی مرتبہ علاقائی طرز عمل اور انداز فکر اختیار کیا گیا تھا اور ہندوستان کوایک کلیدی رول دیا گیا تھا ۔ اس عہدیدار نے تاہم کہا کہ اس پالیسی کواپنی جڑیں پیوست کرنے کیلئے مزید وقت دینے کی ضرورت ہے ۔ امریکہ کے صدر نے اگست کے دوران نئی افغان پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے افغانستان لانے کی کوششوں میں ہندوستان کے بڑے رول پر زور دیا تھا اوراس جنگ زدہ ملک سے عجلت اور جلد بازی میں فوج کی واپسی کے کسی امکان کو مسترد کردیا تھا ۔ ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ’’صدر کی طرف سے جنوب ایشیائی حکمت عملی کے اعلان کے بعد 100 دن گزرچکے ہیں ۔ ہم نے ان (100 دنوں) میں کسی بڑی پیشرفت کی یقیناً کوئی توقع نہیں کی تھی ۔ ہمیں اس حکمت عملی کو اپنی جڑیں پیوست کرنے اور پیشرفت کا مظاہرہ کرنے کیلئے کچھ وقت دینے کی ضرورت ہے ۔ لیکن اس کے ساتھ ہم چند علامات دیکھ رہے ہیں جو مثبت ہیں ۔
امریکی عہدیدار نے کہا کہ وہائیٹ ہاؤز اب یہ توقع کرتا ہے کہ علاقائی فریق ہی افغانستان میں مزید تعمیری رول ادا کریں اور بالخصوص امن مساعی میں مدد کریں ۔