کابل، 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سبکدوش افغان صدر حامد کرزئی نے آج الوداعی خطاب میں امریکہ کو براہ راست ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن حکومت کبھی بھی افغانستان میں امن کی خواہشمند نہیں رہی ہے۔ 2001ء میں افغانستان پر امریکی قبضے کے بعد سے اب تک ملک کے صدر چلے آرہے کرزئی نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں اپنے مفاد کی خاطر جنگ چاہتا تھا۔ کرزئی نے اپنی آخری تقریر میں متعدد ممالک کے تعاون کا شکریہ ادا کیا، جن میں ہندوستان، جاپان، چین، ایران، ترکی، سعودی عرب، جنوبی کوریا اور جرمنی شامل ہیں۔ تاہم اس طویل فہرست میں امریکہ کا نام شامل نہیں رہا۔ افغان صدر نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن کا دارومدار غیر ملکی طاقتوں پر ہے، اگر امریکہ اور پاکستان حقیقی معنوں میں چاہیں تو افغانستان میں امن کا قیام ممکن ہوجائے گا۔ نئے افغان صدر اشرف غنی آئندہ پیر کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔