واشنگٹن۔ 3 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے مشرقی صوبے نگرھار میں فائرنگ کے دوران امریکی سلامتی سروس کا ایک رکن مارا گیا اور چار دیگر زخمی ہو گئے ۔امریکی فوج نے آج یہاں ایک بیان میں بتایا کہ واقعہ نگرھار صوبے کے اچن میں پیش آیا۔ زخمیوں میں دو ہاسپٹل میں زیرعلاج ہیں اور دونوں کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ نگرھار صوبے دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ(آئی ایس) کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے ۔ 2015 ء کے آغاز میں یہاں دہشت گرد تنظیم نے اپنے پاؤں پھیلانے شروع کئے تھے اور طالبان و آئی ایس کے درمیان جھڑپتیں ہوتی رہتی ہیں۔فی الحال افغانستان میں امریکہ کے 14000 فوج کے جوان ہیں جو صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جنوبی ایشیائی پالیسی کے تحت افغانستان کے سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
H-1B ویزوں کی توسیع پر امتناع امریکہ کے زیرغور
واشنگٹن ۔ 3 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اب اپنے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ’’ بائے امریکن ، ہائر امریکن ‘‘ کے نعرہ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے H-1B ویزوں کی اجرائی میں توسیع کو روکنے نئے قواعد بنانے پر غور کررہاہے ۔ یاد رہے کہ اگر ایسا ہوا تو ہزاروں ہندوستانی آئی ٹی پروفیشنلز پر اُ س کے منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔ اس عمل سے اُن ہزاروں بیرونی ورکرس پر منفی اثرات بھی مرتب ہوں گے جو اپنی گرین کارڈ درخواستوں کے منظور ہونے تک H-1B ویزا رکھا کرتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا ۔ امریکی نیوز ایجنسی میک کلاچی ڈی سی بیوریو کے مطابق اس تجویز کو ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی کے سربراہان نے شیئر کیا ہے جسے صدر ٹرمپ کی صدارتی انتخابی مہمات کے دوران ’’ بائے امریکن ، ہائر امریکن ‘‘ کی جانب پیشرفت بتایا جارہا ہے ۔