کابل ۔ 14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) افغان عہدیداروں کا کہنا ہے کہ 14 افراد بشمول عام شہری مشرقی افغانستان میں پیش آئے ایک امریکی فضائی حملے میں ہلاک ہوگئے۔ صوبہ کُنار کے گورنر کے ترجمان عبدالغنی مصمم کا کہنا ہے کہ ضلع نارانگ میں پیش آئے فضائی حملے میں 14 افراد مارے گئے۔ مصمم نے کہا کہ کل کے اس حملہ میں 13 دیگر افراد زخمی ہوگئے۔ صدر حامد کرزئی کے ترجمان ایمل فیضی نے آج ٹوئیٹر پر کہا کہ کرزئی نے کُنار میں پیش آئے امریکی فضائی حملہ کی سخت مذمت کی، جس میں عام شہریوں کی ہلاکت ہوئی اور بعض دیگر زخمی ہوگئے۔ نیٹو زیر قیادت اتحاد کے ترجمان میجر پال گرین برگ نے کہا کہ ٹھیک ٹھیک نشانہ پر کی گئی کارروائی میں قریبی ضلع دنگام میں ایک مسلح جنگجو مارا گیا۔