واشنگٹن۔ 28 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ نے افغانستان میں اپنی ایک فوجی جیل سے متعدد قیدیوں کو پاکستان اور یمن منتقل کر دیا ہے۔ واشنگٹن میں محکمہ دفاع کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ افغان دارالحکومت کابل کے نواح میں ایک امریکی فوجی اڈے پر قائم پروان حراستی مرکز کہلانے والی جیل سے نو قیدیوں کو گزشتہ ہفتے پاکستان منتقل کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ اس جیل سے دو دیگر قیدیوں کو اسی ہفتے یمن بھجوا دیا گیا۔ ایک فوجی ترجمان کے مطابق پروان کی امریکی جیل میں زیر حراست قیدیوں کی مجموعی تعداد اب 30 سے بھی کم رہ گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دیگر انتظامات کے ساتھ ساتھ یہ اقدامات بھی افغانستان سے امریکی فوجی انخلاء کی تیاریوں کا حصہ ہیں۔