افغانستان میں اشرف غنی کی معیاد میں توسیع

کابل 21 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان کی سپریم کورٹ نے صدر اشرف غنی کی معیاد میں انتخابات تک توسیع کردی ہے جو تاخیر سے منعقد ہو رہے ہیں۔ ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی اور اس سوال کو حل کردیا کہ 22 مئی کے بعد کیا ہوگا ۔ اس تاریخ کو اشرف غنی کی معیاد ختم ہونے والی تھی ۔ ملک میں صدارتی انتخابات 20 اپریل کو ہونے والے تھے لیکن افغان الیکشن حکام ابھی اس کیلئے تیار نہیں ہیں کیونکہ ملک بھر میں رائے دہی کروانی ہے اور ملک میں اکٹوبر میں ہی پارلیمانی انتخابات ہوئے تھے ۔ چونکہ ابھی تک بھی کچھ قطعی نتائج زیر التوا ہیں صدارتی انتخاب کو 20 جولائی تک ملتوی کیا گیا ہے ۔ اس کے بعد اسے 28 ستمبر تک توسیع دیدی گئی ہے اور صدر اشرف غنی کی معیاد بھی انتخابات تک کیلئے بڑھا دی گئی ہے ۔ عدالت کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ صدر اشرف غنی کی معیاد نئے صدر کے انتخاب کیلئے انتخابات کے انعقاد تک ہوگی ۔ افغانستان کے چیف ایگزیکیٹیو عبداللہ عبداللہ کے ڈپٹی ترجمان نے تاہم اس کی توثیق کی ہے اور یہ بھی اشارہ دیا ہے کہ خود عبداللہ عبداللہ کی معیاد میں بھی توسیع کردی گئی ہے ۔ عدالت نے اس تعلق سے بھی اپنا فیصلہ سنادیا ہے ۔