افغانستان میں اتحادی حکومت قائم کرنے کا نیا عہد

کابل ، 5 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے حریف صدارتی امیدواروں نے نیٹو سربراہ اجلاس کے شریک لیڈروں کو ایک پیغام کے ذریعے مطلع کیا ہیکہ وہ جلد اتحادی حکومت قائم کر کے غیر ملکی فوجوں کے افغانستان میں مزید قیام کے معاہدے پر دستخط کر دیں گے۔ افغانستان میں صدارتی الیکشن کے بعد ووٹوں کی گنتی پر پیدا تعطل ابھی تک قائم ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی کوششوں سے طے شدہ معاملت کے بعد بھی اتحادی حکومت قائم نہیں ہو سکی۔ نیٹو سمٹ پر صدارتی امیدواروں نے اس معاملت پر جلد عمل کا کہا ہے۔ اِس معاہدے پر منصب صدارت سے جلد فارغ ہونے والے صدر حامد کرزئی نے دستخط کرنے سے انکار کر رکھا ہے۔ مبصرین کے مطابق نیٹو کی رکن ریاستوں کے لیڈروں کیلئے پیغام سے اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ نے صدارتی انتخابات کے بعد پیدا شدہ تعطل پر پائی جانے والی تشویش کو کم کرنے کی کوشش کی ہے۔اِس پیغام میں حریف صدارتی امیدواروں نے نیٹو اتحاد کے قائدین پر واضح کیا کہ وہ غیر ملکی فوجوں کے افغانستان میں مزید قیام کی اہمیت کو سمجھتے ہیں اور اِس پر وہ حکومت سازی کے فوری بعد دستخط کر دیں گے۔