کابل،28جون(یو این آئی) افغانستان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن کلین اپ کے نتیجے میں 26 طالبان ہلاک جبکہ 23 زخمی ہو گئے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبہ فاریاب کے مختلف اضلاع میں افغان سیکورٹی فورسز کے تلاشی آپریشن کے دوران جھڑپوں میں 26 طالبان ہلاک جبکہ 23 زخمی ہو گئے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک مقامی طالبان کمانڈر ضیاالدین بھی شامل ہے ۔
ٹرمپ۔ پوٹن ہیلسنکی میں 16 جولائی کو ملاقات
واشنگٹن، 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کے درمیان بروسیلز میں 11 اور 12 جولائی کو منعقد شمالی بحر اوقیانوس معاہدہ تنظیم (ناٹو) کے سربراہی اجلاس کے بعد 16 جولائی کو ہیلسنکی میں ملاقات مقرر ہے ۔مسٹر ٹرمپ نے چہارشنبہ کو اس امکان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسٹر پوٹن کے ساتھ شام میں جاری جنگ اور یوکرین کے حالات کو لے کر بات چیت کریں گے ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ وہ روس کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔