افغانستان سے امریکی فوج کا تخلیہ طالبان کے دوبارہ قبضہ کی وجہ بن سکتا ہے : سابق وزیر

واشنگٹن،13مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے سابق سکریٹری دفاع رابرٹ گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کی صورت میں طالبان دوبارہ ملک پر قابض ہوسکتے ہیں۔2امریکی صدور، جارج بش اور باراک اوبامہ، کی حکومت میں سکریٹری دفاع کے منصب پر فائز رہنے والے رابرٹ گیٹس کا موقف ہے کہ طالبان افغان حکومت کے ساتھ اس لئے مذاکرات سے انکار کررہے ہیں کیوں کہ وہ دوبارہ افغانستان کا قبضہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے انٹرویو میں انہوں نے اس تجویز سے اتفاق کیا کہ اگر امریکی افواج فوری طور پر افغانستان سے نکل جاتی ہیں تو افغان جنگ کا اختتام بھی ویتنام جنگ کی طرح ہوگا۔یاد رہے کہ ویتنام سے امریکی فوجوں کے انخلا کے بعد کمیونسٹ قوتوں سے ملک کا انتظام سنبھال لیا تھا۔انہوں نے امریکی حکومت پر زور دیا کہ انخلا سے قبل اس بات کو یقینی بنائیں کہ کابل حکومت مستحکم ہو، اس وقت تقریباً 12 ہزار امریکی فوحی افغانستان میں موجود ہیں۔اس کے ساتھ انہوں نے طالبان کے دوبارہ افغانستان کا اقتدار سنبھالنے کی صورت میں پڑنے والے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ طالبان کا قبضہ خاص طور پر افغان خواتین کیلئے برا ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ امریکی معاونت سے تیار کردہ افغانستان کے موجودہ آئین کے تحت خواتین کو کچھ حقوق مثلاً ملازمت کرنا اور اسکول جانا حاصل ہیں اور افغانستان میں متحرک خواتین کارکنان کو خوف ہے کہ اگر طالبان دوبارہ اقتدار میں آئے تو ان سے یہ حقوق چھین لیں گے ۔