افغانستان :جنگجوؤں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی کوشش

واشنگٹن۔ 30 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی کانگریس میں پیش کی گئی رپورٹ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ طالبان شدت پسندوں اور ان کے خاندان کو افغان معاشرے میں ضم کرنے میں ناکامی سے امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔اسپیشل انسپکٹر جنرل برائے افغانستان بحالی (ایس آئی جی اے آر) کی سالانہ رپورٹ میں طالبان اور افغان حکومت کے درمیان امن سمجھوتہ ہونے کی صورت میں 3 خطرات کی جانب نشاندہی کی گئی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ طالبان جنگجوؤں اور ان کے خاندانوں کو افغان معاشرے میں ضم کرنے میں ناکامی، قانون نافذ کرنے والے شہری اداروں کی بہتری میں ناکامی، غیر ملکی امداد کی تسلسل پر موثر نگرانی کو یقینی بنانے میں ناکامی کے باعث بھی متوقع امن معاہدے کا استحکام کمزور ہوگا۔