افغانستان : تیل کے ٹینکر میں دھماکہ، 8 افراد ہلاک

کابل۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایندھن کا ایک ٹینکر شمالی افغانستان کے ایک شہر میں دھماکہ سے پھٹ پڑا جس کی وجہ سے کم از کم 8 افراد ہلاک ہوگئے۔ مبینہ طور پر ٹینکر پر ایک بم نصب کیا گیا تھا۔ سرکاری عہدیدار کے بموجب یہ بم حملہ کا تازہ ترین واقعہ ہے۔ دھماکہ سے ٹینکر شعلہ پوش ہوگیا اور قریب سے گذرنے والی طویل مسافتی مسافر بس اور ایک ٹوئیٹا کار بھی آگ کی لپیٹ میں آگئیں۔ گورنر صوبہ پروان کی ترجمان وحیدہ شاہکار نے کہاکہ بس کابل جارہی تھی اور دھماکہ کے وقت اس میں ایندھن بھرا ہوا تھا۔ تحقیقات جاری ہیں تاکہ دھماکہ کی درست وجہ دریافت کی جاسکے۔ تاہم حال میں دولت اسلامیہ کے جنگجو اس قسم کے حملہ کرتے رہے ہیں۔