کابل ۔ 27 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نئے افغان صدر اشرف غنی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے ملک کو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان بالواسطہ جنگ کا میدان نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے یہ بات سارک سربراہی اجلاس میں کہی۔ اس موقع پر پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا، تاہم اس بات کی اجازت بھی نہیں دے گا کہ کوئی دوسرا ملک اس کے خلاف بالواسطہ جنگ شروع کرے۔ واضح رہے کہ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں جنوبی ایشیائی ممالک کی علاقائی تعاون کی تنظیم سارک کا دو روزہ سربراہی اجلاس جاری ہے، جس میں پاکستان، ہندوستان ، نیپال، بھوٹان، سری لنکا، افغانستان اور مالدیپ کے سربراہانِ حکومت شرکت کر رہے ہیں۔ افغانستان بالخصوص پڑوسی پاکستان پر الزام عائد کرتا رہا ہے وہ طالبان اور دہشت گردوں کی آڑ میں افغان سرزمین کو اپنے بے جا مقاصد کیلئے استعمال کررہا ہے۔