افغانستان:عبداللہ عبداللہ نے بھی فتح کا اعلان کر دیا

کابل۔ 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) افغان صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ نے بھی انتخابات میں فتح کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا یہ اعلان ملکی انتخابی کمیشن کی جانب سے ان کے مخالف اشرف غنی کی صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی کے بعد سامنے آیا ہے۔ کابل میں اپنے ہزاروں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ نے کہا کہ وہ دھاندلی شدہ نتائج کو تسلیم نہ آج کریں گے، نہ ہی کل۔ نتائج کے ابتدائی اعلان سے قبل ہی عبداللہ نے بڑے پیمانے پر انتخابی فراڈ کا الزام عائد کر دیا تھا۔انتخابات کے پہلے مرحلے میں عبداللہ عبداللہ پہلے نمبر پر تھے۔ افغانستان کے آزاد الیکشن کمیشن (IEC) کی طرف سے 7 جولائی کی رات اعلان کردہ ابتدائی نتائج کے مطابق اشرف غنی نے 56.4% ووٹ حاصل کرتے ہوئے صدارتی انتخابات جیت لئے ہیں۔ ان کے حریف عبداللہ عبداللہ 43.5% ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔