ٹی آر سی کی دعوت افطار سے انقلابی گلوکار غدر اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26 جولائی ( سیاست نیوز ) مقدس ماہ رمضان میں منعقدہ ہونے والی افطار کی دعوتوں کو تلنگانہ کی گنگاجمنی تہذیب کی ایک بہترین مثال قراردیتے ہوئے انقلابی گلوکار غدر نے کہاکہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش سے قبل بالخصوص آصف جاہی دور حکومت میں علاقہ تلنگانہ گنگاجمنی تہذیت کا سفیر خطہ کھلایا جاتا تھامگر فرقہ پرست طاقتوں کے ناپاک منصوبوں نے تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچانے کاکام کیا ہے۔تلنگانہ ریسور س سنٹر کی دعوت افطار کے موقع پر انہوں نے تلنگانہ میں آصف جاہی دور کی احیاء کی وکالت کرتے ہوئے کہاکہ آصف جاہ سابع نے ساری دنیا کے لئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ آصف جاہ سابع کے دور حکومت نے ہندوستان کی ہر ریاست کے شہری کو روزگار فراہم کیا جاتا تھا اور ہر طبقہ کی عوام کے ساتھ انصاف اور یکساں سلوک رواں رکھا گیا۔ انہوں نے تلنگانہ میں پسماندہ طبقات کے ساتھ یکساں سلوک اور مساوایانہ حقوق کے لئے آصف جاہی دور کی بازیابی کو ضروری قراردیا۔ دعوت افطار کے میزبان وچیرمن تلنگانہ ریسور س سنٹر ایم ویدا کمار نے اس موقع پر کہاکہ نئی ریاست تلنگانہ میں پہلے رمضان کی آمد ریاست کی بے مثال ترقی کی ضمانت ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت انتخابات میں تلنگانہ کی عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کرے تاکہ تلنگانہ میںپسماندگی کاشکار طبقات کی ترقی ممکن ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہاکہ تلنگانہ میںمسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا جو وعدہ تلنگانہ میں برسراقتدار سیاسی جماعت نے کیا ہے اس پر جلد ازجلد عمل آواری کو یقینی بنایا جائے تاکہ برسوں سے مصائب کاشکار تلنگانہ کے مسلمان دیگر طبقات کے ساتھ ترقی کرسکیں۔انہوں نے تلنگانہ کے تمام مسلمانوں کو عید کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے تلنگانہ کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ رمضان کے آخری ایام میںتلنگانہ کی بے مثال ترقی ‘ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری کے لئے دعائیں کریں ۔ دعوت افطار میں شرکت کرنے والوں معزز تلنگانہ حامیوں میں جناب ظہیر الدین علی خان‘ ڈی بی ریڈی‘ مولانا حامد محمد خان‘ ثناء اللہ خان‘پی یادگیری‘ نرسمہا ریڈی‘ پروفیسر انور خان‘ منیر الدین مجاہد ‘ سراج الدین اعجاز ‘ رشید خان آزاد‘ حافظ متین‘ اسلم عبدالرحمن‘ مولانا سید طار ق قادری‘ مولانا سید عبدالقادر قادری المعروف وحید پاشاہ‘ حیات حسین حبیب ‘ پجاری نرسنگ رائو‘ وائی راملو‘ سید حمید الدین احمد محمود‘ سید علی الدین احمد اسد شامل ہیں ۔ افطار سے قبل سید لئیق علی نے دعاء کی۔