نظام انصاف میں دوہرے معیارات دستور کے مخالف : نیشنل کانفرنس
سرینگر ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) یعقوب میمن کو پھانسی پر لٹکائے جانے کے بعد ان کی نعش ارکان خاندان کے حوالہ کئے جانے کے دوسرے دن جموں و کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن جماعت نیشنل کانفرنس میں افضل گرو کے باقیات بھی متعلقہ خاندان کے حوالہ کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس ضمن میں دوہرے معیارات کی جھلک ملتی ہے اور عوام کے درمیان امتیازی سلوک اور فرق کا اظہار ہوتا ہے۔ نیشنل کانفرنس میں کہا کہ افضل گروہ کے خاندان کو اس کے نعش سے محروم رہنا فطری انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے جس سے ملک کے دستوری اصول بھی پامال ہوتے ہیں۔ نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ آغا سید روح اللہ محدی نے کہا کہ ’’سرکاری نظام کو امتیاز و تفرقہ پر مبنی رویہ اختیار نہیں کرنا چاہئے۔ یعقوب میمن اور افضل گرو کے معاملہ میں سیاست بازی اور دوہرے معیارات کی جھلک ملتی ہے اور یہ ظاہر ہوتا ہیکہ کشمیر کے عوام سے امتیاز برتا گیا ہے‘‘۔ آغا روح اللہ مہدی نے کہا کہ نظام انصاف میں دو مختلف افراد کے لئے دو مختلف تشریحات نہیں ہوسکتیں۔ افضل گرو کی نعش کی ان کے خاندان کو عدم حوالگی کو آپ کس طرح منصفانہ قرار دے سکتے ہیں جبکہ یعقوب میمن کی نعش ان کے خاندان کے حوالے کی گئی۔ انہوں نے سوال کیا کہ ’’یہ کیسا انصاف ہے جس میں ایک کمسن لڑکے کو اس کے باپ کی نعش سے بھی محروم رکھا گیا ہے؟‘‘۔