افضل گرو کو پھانسی دینا غلطی ‘ معاملہ سے نمٹنے میںخامیاں

نئی دہلی 9 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر ششی تھرور نے 2001 کے پارلیمنٹ حملہ کیس میں افضل گرو کو پھانسی کو غلط قرار دیا ہے اور کہا کہ افضل گرو کو پھانسی دئے جانے سے قبل ارکان خاندان کو اس سے ملاقات کی اجازت دی جانی چاہئے تھی ۔ ان کا بیان ایسے وقت میں آیا ہے جبکہ دو دن قبل ہی جموں و کشمیر کے پانچ کانگریسی ارکان اسمبلی نے افضل گرو کو پھانسی دئے جانے کو غلطی قرار دیا تھا ۔ تھرور کے ریمارکس امکان ہے کہ کانگریس کیلئے الجھن کا باعث بنے گی حالانکہ پارٹی نے حقوق انسانی گروپس کی جانب سے تنقیدوں کے باوجود افضل گرو کو سزا دئے جانے کی مدافعت کی تھی ۔ حقوق انسانی گروپس نے افضل گرو کو بے قصور قرار دیا تھا ۔ ششی تھرور نے ٹوئیٹر پر ایک سوال کے جواب میں یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے خیال میں گرو کو پھانسی دیا جانا غلط تھا اور اس معاملہ سے ٹھیک طرح سے نمٹا نہیں گیا ۔ افراد خاندان کو خبردار کرکے انہیں آخری ملاقات کی اجازت دے کر نعش حوالے کی جانی چاہئے تھی ۔ انہیں وزیر اعظم نریندر مودی کی ستائش پر گذشتہ سال کانگریس نے ترجمان کی حیثیت سے علیحدہ کردیا تھا ۔ افضل گرو کو پھانسی دئے جانے کے دو سال کے موقع پر ایک ٹوئیٹر استعمال کرنے والے نے ششی تھرور سے اس تعلق سے سوال کیا تھا ۔ واضح رہے کہ دو دن قبل ہی پانچ ارکان اسمبلی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے یہ اعتراف کیا تھا کہ افضل گرو کو پھانسی دئے جانے سے قبل اس کے ارکان خاندان کو ملاقات کی اجازت نہ دینا غلطی تھی ۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ افضل گرو کی نعش اس کے افراد خاندان کو واپس کی جانی چاہئے ۔ افضل گرو کو 9 فبروری 2013 کو دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی تھی ۔ یو پی اے حکومت نے پھانسی دئے جانے تک اس اطلاع کو راز میں رکھا تھا کیونکہ اسے جموں و کشمیر میں جوابی تشدد کا اندیشہ تھا ۔