اے پی اور رتلنگانہ کیلئے آئی اے ایس ‘آئی پی ایس افسران کی فہرست کو قطعیت متوقع
حیدرآباد 14ستمبر ( سیاست نیوز) ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم اور علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد آل انڈیا سرویس کے حامل آئی اے ایس، آئی پی ایس و آئی ایف ایس وغیرہ جیسے عہدیداروں کی تقسیم کیلئے تشکیل دی گئی پرتیوش سنہا کمیٹی کا ایک اجلاس توقع ہیکہ کل یعنی 15 ستمبر کو دہلی میں منعقد ہوگا تا کہ ریاست آندھرا پردیش اور تلنگانہ ریاست کیلئے آلاٹ (تعینات) کئے جانے والے آئی اے ایس،آئی پی ایس و آئی ایف ایس عہدیداروں کے ناموں کو قطعیت دے سکے۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ چیف سکریٹری آندھرا پردیش مسٹر آئی وائی آر کرشنا راو اور چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما کے اس اجلاس میں شرکت کرنے کا قوی امکان پایا جاتا ہے اور سمجھا جاتا ہیکہ دونوں ہی ریاستوں کے چیف سکریٹریز آل انڈیا سرویس کے حامل عہدیداروں کی تقسیم و تعیناتی کو قطعیت دینے میں بھی پرتیوش سنہا کمیٹی کے ساتھ نہ صرف بھر پور تعاون کریں گے بلکہ مناسب رہنمائی بھی کریں گے۔ بتایا جاتا ہیکہ منعقد ہونے والے اجلاس میں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کیلئے آل انڈیا سرویس عہدیداروں آے اے ایس ،آئی پی ایس ،آئی ایف ایس عہدیداروں کی قطعی فہرست کو قطعیت دیئے جانے کی بھی قوی توقع پائی جاتی ہے کیونکہ ان آل انڈیا سطح کے عہدیداروں کی ابھی تک عدم تعیناتی کے باعث بھی یکطرف آندھرا پردیش اور دوسری طرف ریاست تلنگانہ کی کارکردگی زبردست متاثر ہورہی ہے۔اسی ذرائع نے بتایا کہ بعض آئی اے ایس و آئی پی ایس اور آئی ایف ایس عہدیداروں کی جانب سے ان کی تعیناتی سے متعلق اٹھائے گئے سوالات اور کئے گئے اعتراضات پر پرتیوش سنہا کمیٹی نہ صرف تفصیلی جائزہ لے گی بلکہ سنجیدگی سے غور بھی کرے گی اور بعدازاں مرکزی وزارت کے شعبہ برائے امور اسٹاف کو قطعی فہرست اس کمیٹی کی جانب سے روانہ کی جائے گی تا کہ ان عہدیداروں سے متعلق فائیل غور و خوص اور تعیناتی کے تعلق سے احکامات جاری کرنے کیلئے وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی سے نہ صرف توثیق حاصل کی جاسکے گی بلکہ منظوری بھی حاصل کی جاسکے گی۔
بتایا جاتا ہیکہ وزیراعظم مسٹر نریندر مودی سے آئی اے ایس ،آئی پی ایس و آئی ایف ایس عہدیداروں کی تقسیم و تعیناتی کی توثیق حاصل ہوجانے کے بعد توقع کی جاتی ہیکہ جاریہ ماہ کے اختتام تک مذکورہ عہدیداروں کی تعیناتی قطعی طور پر عمل میں لائی جائے گی۔