افریقی جنگجوؤں نے شیخ ابو عبیدہ کے ہاتھ پر بیعت کر لی

موگادیشو ، 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صومالی عسکریت پسندوں کی تنظیم الشباب کے نئے رہنما کی بیعت کر لی گئی ہے۔ نئے رہنما کا تقرر الشباب کا طویل عرصہ رہنے والے سربراہ احمد گودان کی ایک امریکی آپریشن میں ہلاکت کے بعد کیا گیا ہے۔ الشباب کے ترجمان کے مطابق شیخ احمد عمر ابو عبیدہ اب الشباب کے نئے سربراہ ہیں۔ دو روز قبل الشباب نے اپنے القاعدہ کے ساتھ تعلق اور اطاعت کی تجدید کا بھی اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب صومالی حکومت دہائیوں پر پھیلی بد امنی پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہے۔ الشباب کے ترجمان ابو مصعب کے حوالے سے پیر کے روز یہ بیان سامنے آیا ہے کہ ’’ہم الشباب سے وابستہ مجاہدین نے اپنے نئے لیڈر احمد عمر ابو عبیدہ کی اطاعت قبول کر لی ہے‘‘، ترجمان نے یہ بات اپنے ایک ریکارڈڈ آڈیو بیان میں کہی ہے۔ ریکارڈشدہ بیان دو ویب سائٹس پر اپ لوڈ کیا گیا ہے۔ ترجمان نے ریکارڈد آڈیو پیغام میں مزید کہا، ’’ مجاہدین شیخ ابو زبیر کے ہاتھوں کھڑی کی گئی مجاہدین کی عوامی طاقت مشرقی افریقہ میں بطور خاص مسلمانوں کے دفاع کیلئے موجود ہے‘‘۔ ترجمان کے مطابق ’’ اب تلوار ہمارے نئے قائد کے ہاتھ میں ہے، جو ان دشمنوں سے نمٹنے کیلئے تیار ہے ، اب ان دشموں کو اپنی بوئی ہوئی فصل کاٹنا ہو گی‘‘۔ الشباب نے صومالیہ کے علاوہ کینیا میں بھی بڑی کارروائیاں کیں، 2008ء سے 2010ء کے درمیان الشباب کا سنہری دورسمجھا جاتا ہے۔ گودان نے 2009ء میں الشباب کو باقاعدہ طور پر القاعدہ کے ساتھ منسلک کیا تھا۔