حامد انصاری کی وزیراعظم عبد الا لہ بنکیران سے ملاقات، سلطان محمد پنجم کو خراج عقیدت
رباط (مراقش)۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آفریقی علاقہ میں اپنی معاشی سرگرمیوں کیلئے مراقش کو مرکز بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری کے دورہ اور وزیراعظم مراقش سے ملاقات کے بعد باہمی تعلقات کو ایک نئی جہت ملی ہے۔ حامد انصاری نے جب وزیراعظم مراقش عبد الا لہ بنکیران سے ملاقات کے بعد ثقافتی تعاون اور ادارہ جاتی ٹریننگ پر دو یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے۔ بعدازاں دونوں قائدین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے باہمی تعاون کو وسعت دینے کے تمام پہلوؤں کو جائزہ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ غذائی سلامتی کیلئے مراقش کافی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ فاسفیٹ سربراہ کرنے والا یہ اہم ملک ہے جس کی زراعت میں نمایاں اہمیت ہے۔
دونوں ممالک کے مابین پانچ یادداشت مفاہمت کو قطعیت دی گئی تاہم صرف دو پر دستخط ہوئے۔ عبد الا لہ بنکیران نے اشارہ دیا ہے کہ وہ جاریہ سال ہندوستان کا دورہ کریں گے۔ نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری نے محمد پنجم کے تاریخی مزار کا بھی دورہ کیا جو 1927ء تا 1953ء مراقش کے سلطان تھے۔ محمد پنجم کی مزار ایک تاریخی عمارت ہے جو مراقش کے دارالحکومت میں حسن ٹاور کے روبرو واقع ہے۔ یہاں مراقش کے شاہ اور ان کے دو بیٹے کنگ حسن دوم اور پرنس عبداللہ مدفون ہیں۔ یہ عمارت عصری طرز تعمیر کا ایک منفرد نمونہ تصور کی جاتی ہے جس میں اوپری حصہ پر سفید پتھر استعمال کئے گئے اور اس کی چھت کے ٹائیلس انوکھے سبز رنگ کے ہیں۔ اس کی تعمیر 1971ء میں مکمل ہوئی۔ حسن دوم کو 1999ء میں انتقال کے بعد یہاں دفن کیا گیا۔ جناب حامد انصاری نے ان قبروں پر گلہائے عقیدت پیش کئے اور سنہری کتاب پر دستخط بھی کئے۔ جناب حامد انصاری نے ہندوستان میں آفریقی شہریوںپر حملے کی مذمت کی اور کہا کہ وہ ہمارے مہمان ہیں ۔ لا اینڈ آرڈر کی جو صورتحال پیدا ہوئی ہے ، اس کے پیش نظر آفریقی شہریوں کے ساتھ خصوصی معاملہ رواں رکھا جائے۔