ترکاری ، اجناس اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اعتدال
نئی دہلی ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ترکاری کی قیمتوں میں اعتدال کے نتیجہ میں ملک کے افراط زر میں قابل لحاظ کمی ہوئی ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا نے کہا ہیکہ ڈسمبر کے دوران افراط زر کی شرح 6.16 فیصد رہی جو گذشتہ 5 ماہ کے دوران سب سے کم ہے۔ بینک ذرائع نے توقع ظاہر کی کہ افراط زر کی شرح میں کمی سے ملک کی شرح نمو کو تقویت حاصل ہوگی۔ گذشتہ 5 ماہ کے دوران قیمتوں میں یہ غیرمعمولی کمی ہے جو جولائی 2013ء ٹھوک فروشی کی قیمتوں کے اشاریہ کی طرف سے ریکارڈ کی گئی ہے۔ جب افراط زر کی شرح 5.8 فیصد تھی۔ نومبر میں ٹھوک فروشی کی قیمتوں میں افراط زر کی شرح انتہائی تیز رفتاری سے بڑھتے ہوئے 7.52 فیصد تک پہنچ گئی تھی جو 14 ماہ کے دوران سب سے زیادہ اور تیز رفتار اضافہ تھا۔ ڈسمبر کے دوران ٹھوک فروشی کے بازار میں اہم اشیاء کی قیمتوں میں اعتدال دیکھا گیا اور بالخصوص ضروری اشیاء بشمول ترکاریوں، اجناس اور دالوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔