افراطِ زر سے غریب بری طرح متاثر

ریزرو بینک کو عوام کی بات سننی چاہئے ، سابق گورنر سبا راؤ کا لیکچر
حیدرآباد۔ 31 مارچ (پی ٹی آئی) ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کو غریب عوام کی آواز پر توجہ دینی چاہئے جو افراطِ زر سے بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ سابق گورنر ڈی سبا راؤ نے یہ بات کہی اور بتایا کہ شرح سود میں کمی، سرمایہ کاری میں اضافہ کا واحد حل نہیں ہے۔ سبا راؤ 2008ء تا 2013ء آر بی آئی کے ذمہ دار تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پالیسی پر نظر ثانی سے قبل آر بی آئی فریقین جیسے کارپوریٹ لیڈرس، بینکس، این بی ایف سی، معاشی شعبہ کے شرکاء، معاشی فینانشیل مارکٹ اور معاشی تجزیہ نگاروں سے مشاورت کرتا ہے۔ ان کی رائے حاصل کی جاتی ہے لیکن انہوں نے یہ اشارہ دیا کہ غریب عوام کی بات کو بالکل نہیں سُنا جاتا۔ ان کی میعاد کے دوران 25 سرکردہ کارپوریٹ لیڈرس کے ساتھ ملاقات کی یاد تازہ کرتے ہوئے سبا راؤ نے کہا کہ جب انہوں نے کہا تھا کہ شرح سود میں کمی کریں گے تو آپ میں سے کتنے اندرون تین ماہ سرمایہ کاری سے متعلق فیصلہ کرنے والے ہیں، لیکن کسی نے جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ غلط تھے، بلکہ وہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ سرمایہ کاری میں اضافہ کا حل شرح سود میں کمی نہیں ہے۔ اس معاملے میں دوسری رکاوٹیں بھی ہیں۔ سبا راؤ آج ’’سرکردہ ریزرو بینک آف انڈیا: چیلنجس اور مواقع‘‘ پر آٹھویں بی ایل مہیشوری میموریل لیکچر دے رہے تھے۔