نئی دہلی ، 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) مانسون کمزور پڑجانے اور غذائی قیمتوں کے درمیان وزیراعظم نریندر مودی نے آج مرکز اور ریاستوں کے درمیان ہنگامی منصوبوں پر عمل آوری کے معاملے میں قریبی ارتباط کی ضرورت پر زور دیا اور ریاستوں سے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور کالا بازاری کرنے والوں سے نمٹنے تیز گام عدالتیں تشکیل دیں۔ مانسون کی پیشرفت اور افراط زر پر قابو پانے کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کابینی رفقاء کے ساتھ میٹنگ منعقد کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت دی کہ معقول پانی، برقی اور بیج کی کسانوں کو سربراہی کو یقینی بنانا چاہئے تاکہ پیداوار کمتر بارش کے سبب متاثر نہ ہونے پائے۔
اس میٹنگ میں بتایا گیا کہ مانسون تاحال کمزور رہا ہے لیکن اگلے دو ماہ میں یہ ’’قابل لحاظ حد تک ‘‘ بہتر ہونے کا امکان ہے اور افراط زر پر قابو پانے کیلئے کئے گئے اقدامات کا ’’مثبت اثر‘‘ ظاہر ہوا ہے۔ اس میٹنگ کو بتایا گیا کہ وزارت زراعت نے زائد از 500 اضلاع کیلئے ہنگامی منصوبہ کی ٹھوس شکل دی ہے۔ زائد از دو گھنٹے طویل میٹنگ کے بعد پی ایم او کے جاری کردہ بیان نے کہا کہ مودی نے مرکز اور ریاستوں دونوں پر زور دیا کہ منصوبہ پر عمل آوری کیلئے مربوط سعی کریں۔