حیدرآباد ۔ /8 مئی (سیاست نیوز) گوپال پورم پولیس نے اغواء کا ڈھونگ رچاکر دھوکہ دہی میں ملوث ہونے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ /7 مئی کو بی وینکٹا راما نرسمہا راجو کی جانب سے ایک درخواست موصول ہوئی تھی جس میں اس نے بتایا تھا کہ اسے دو نامعلوم افراد نے خود کو پولیس ظاہر کرتے ہوئے لوٹ لیا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور دوران تحقیقات پولیس نے 46 سالہ کونڈا اشوک کو گرفتار کرلیا اور تفتیش کے دوران کئی حقائق کا انکشاف ہوا ۔ درخواست گزار نرسمہا راجو اپنی معشوقہ کے مکان پہونچ کر اسے آئے دن ہراساں کیا کرتا تھا جس سے پریشان ہوکر خاتون نے اپنے قریبی رشتے دار گنگادھر کو یہ بات بتائی ۔ گنگادھر نے اپنے ساتھی سدھاکر اور کونڈا اشکو کی مدد سے نرسمہا راجو کو اس وقت لوٹ لیا تھا جب وہ خاتون کے مکان ملاقات کیلئے پہونچا تھا ۔ نرسمہاراجو نے فرضی شکایت گوپالا پورم پولیس سے درج کروائی ۔ جس میں دعویٰ کیا کہ اسے دو نامعلوم افراد خود کو پولیس ظاہر کرتے ہوئے لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ گوپالا پورم پولیس نے بتایا کہ تفتیش کے دوران رونما ہوئے حقائق کی بنیاد پر یہ ثابت ہوتا ہے کہ نرسمہا راجو کا اغواء نہیں کیا گیا تھا جبکہ اسے خاتون کے مکان میں پہونچنے پر لوٹ لیا گیا تھا ۔ پولیس نے درخواست گزار نرسمہا راجو کے خلاف بھی دھوکہ دہی اور پولیس کو غلط اطلاع دینے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا ہے ۔